ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انصاف نہ ملنے پر خود کشی کرلینے گنپتی کی بیوہ کی دھمکی

انصاف نہ ملنے پر خود کشی کرلینے گنپتی کی بیوہ کی دھمکی

Sun, 17 Jul 2016 10:32:55  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو16؍جولائی(ایس او نیوز) ڈی وائی ایس پی ایم کے گنپتی کی بیوہ پاونا نے ریاستی حکومت کو دھمکی دی ہے کہ ان کے شوہر کی خود کشی کے معاملے میں اگر انصاف نہ ملا تو وہ بھی اپنے شوہر کی مانند خود کشی کرلیں گی۔ آج بی جے پی قائدین جگدیش شٹر کی قیادت میں ایک وفدسے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاونا نے کہاکہ اس سلسلے میں پہلے ہی انہوں نے کافی کچھ کہہ دیا ہے، ساتھ ہی گنپتی نے اپنی موت سے پہلے ہی سچائی بیان کردی ہے، لیکن اب تک انہیں انصاف دلانے کی کوشش نہیں ہوئی ہے، جس کی وجہ سے وہ کافی مایوس ہیں۔ انہیں شبہ ہے کہ انہیں انصاف نہیں مل پائے گا۔اگر انصاف نہ ملا تو وہ اپنے بچوں کے ساتھ خود کشی کرلیں گی۔ آج اپوزیشن لیڈران جگدیش شٹر، ایشورپا اور دیگر نے رنگا سمدرا میں گنپتی کے مکان پر پہنچ کر پاونا کو تسلی دی۔ پاونا نے ان لیڈران کو بتایاکہ وہ کیا وجوہات تھیں جن کی وجہ سے گنپتی کو خود کشی جیسا انتہائی قدم اٹھانا پڑا۔ ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شٹر نے کہاکہ ڈی وائی ایس پی ایم کے گنپتی کی مبینہ خود کشی کے معاملے میں ریاستی وزیر کے جے جارج کے استعفیٰ کی مانگ کو لے کر بی جے پی پیر سے دوبارہ اپنا احتجاجی دھرنا ایوان میں جاری رکھے گی، یہ دھرنا دن رات کا ہوگا۔ شٹر نے کہاکہ پچھلے چار پانچ دنوں سے جارج کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے اسمبلی اور کونسل میں مسلسل دھرنا دیا جارہا ہے، لیکن حکومت ٹس سے مس ہونے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام بھی چاہتی ہے کہ جارج استعفیٰ دے دیں، لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ حکومت کافی موٹی چمڑی رکھتی ہے اور عوام کے احساسات کا اثر اس پر ہو نہیں پارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے جارج کو بے قصور قرار دئے جانے کے بیان کو شٹر نے گمراہ کن قرار دیا اور کہاکہ خود کشی سے قبل گنپتی نے ٹی وی چینل کو جو بیان دیا اس میں انہوں نے جارج اور دو پولیس افسران کے نام لئے ہیں اور بتایا ہے کہ ان کی طرف سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاونا کو تسلی دیتے ہوئے بی جے پی لیڈران نے کہاکہ وہ کسی طرح کے انتہائی قدم کے بارے میں ہرگز نہ سوچیں ،بی جے پی لیڈران انہیں انصاف دلانے کیلئے ان کے ساتھ ہیں۔ 


Share: